ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نوٹ بند ی:عدالت نے ایک بینک اہلکار سمیت 2ملزمان کو 26دسمبر تک عدالتی حراست میں بھیجا

نوٹ بند ی:عدالت نے ایک بینک اہلکار سمیت 2ملزمان کو 26دسمبر تک عدالتی حراست میں بھیجا

Fri, 16 Dec 2016 16:52:26    S.O. News Service

نئی دہلی، 15؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )دہلی کی ایک عدالت نے پرانے نوٹوں کو تبدیل کرنے اور نئے نوٹوں کی فراہمی میں مبینہ گڑبڑی کرنے کے معاملے میں پرائیوٹ بینک کے ایک اہلکار اور ایک دوسرے شخص کو آج 11دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا۔ایڈیشنل سیشن جج ومل کمار یادو نے ایکسس بینک کی کشمیری گیٹ برانچ کے معطل برانچ منیجر 32سالہ ومل گپتا اور جعلی کمپنیاں بنانے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ راجیو کمار کشواہا کو 26؍دسمبر تک عدالتی حراست میں بھیج دیا۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)کی حراست کی مدت ختم ہونے پر دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا،سماعت کے دوران ای ڈی کے خصوصی سرکاری وکیل وکاس گرگ نے کہا کہ اس معاملے میں جانچ اہم موڑ پر ہے، اس لیے دونوں ملزمان کو عدالتی حراست میں بھیجا جانا چاہیے۔گرفتار کیا گیا تیسرا ملزم بینک کا معطل مینیجر(آپریشنز)33سالہ شوبھت سنہا ہے، اسے بھی 26؍دسمبر تک عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔گپتا اور سنہا کو ای ڈی نے 4 ؍دسمبر کو گرفتار کیا تھا، جس کے بعد بینک نے انہیں معطل کر دیا۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے عدالت کو بتایا تھا کہ دونوں بینک افسران ملی بھگت کے ذریعے غیر قانونی طریقے سے پرانے نوٹوں سے نئے نوٹ تبدیل کر رہے تھے۔


Share: